لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب کابینہ نے پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی (PFSA) کے بورڈ ممبران کی میٹنگ فیس سے متعلق سفارشات کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی سمری پر ہونے والے فیصلے کے تحت بورڈ کے مختلف ارکان کے لیے فی اجلاس فیس مقرر کردی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق PFSA بورڈ کے ٹیکنیکل اور پرائیویٹ ممبران کے لیے فی میٹنگ 60 ہزار روپے جبکہ ایکس آفیشیو ممبران کے لیے فی میٹنگ 40 ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ تمام ادائیگیاں ٹیکس سمیت کی جائیں گی۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے سمری کی منظوری کے بعد اسے کابینہ کو بھجوایا، جس کے بعد پنجاب کابینہ نے PFSA بورڈ کی سفارشات منظور کرلیں۔ فیصلے کا اطلاق 22 اپریل 2026 کو ہونے والی میٹنگ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ بورڈ ممبران کی فیس اور دیگر متعلقہ اخراجات موجودہ بجٹ سے پورے کیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے اضافی فنڈز طلب نہیں کیے جائیں گے۔ مراسلے میں PFSA اور PAFDA کو برابر ادارے قرار دینے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد فرانزک سروسز کے نظام کو مزید منظم اور مضبوط بنانا ہے، جبکہ بورڈ کی سفارشات اور مالی معاملات کو کابینہ کی منظوری کے بعد باقاعدہ شکل دے دی گئی ہے۔













