اسلام آباد(پنجاب پوسٹ)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تحریک انصاف کی اسلام آباد ممکنہ آمد، بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور پنجاب و خیبر پختونخوا کے درمیان سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے اہم بیان دیا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے پیشگوئی کی کہ 27 ستمبر کو تحریک انصاف اسلام آباد نہیں پہنچے گی۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف اسلام آباد پہنچ بھی جاتی ہے تو اس سے یہ سوال پیدا نہیں ہوتا کہ بانی پی ٹی آئی رہا ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالتوں نے سزائیں دی ہیں اور وہ اپنی سزائیں بھگتنے کے بعد ہی باہر آئیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دیگر صوبوں سے خطرہ لاحق نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم خیبر پختونخوا کا تیل، گیس اور پانی استعمال کرتے ہیں، اس پر کسی کو ڈر محسوس نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری بہو ہیں، ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔”
گورنر کے پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا اس وقت امن اور یکجہتی کا محتاج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم صوبے میں امن و استحکام کے لیے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر اعلی کے پی کا دورہ لاہور ٹک ٹاک ڈرامہ قرار، پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی پنجاب میں سرگرمیوں پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسٹریٹ موومنٹ میں خود ہی نظر آئے، جبکہ کارکنوں کے بجائے سیکیورٹی اسٹاف کے ساتھ گھومتے ہوئے پنجاب سے واپس چلے گئے۔














