لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ دورہ لاہور سے متعلق قرارداد جمع کرادی گئی۔ ن لیگ کے چیف وہپ رانا محمد ارشد کے ڈیجیٹل دستخط سے جمع کرائی گئی قرارداد میں دورہ لاہور کو ’’ٹک ٹاک ڈرامہ‘‘ قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیاسی سرگرمیوں کو سیاسی شو میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔
قرارداد میں صحافیوں اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مبینہ نامناسب رویے پر بھی اعتراض اٹھایا گیا جبکہ وزیراعلیٰ کے پی کی جانب سے پولیس وین میں بیٹھنے اور بعد ازاں اغوا کیے جانے کے الزامات کا بھی ذکر کیا گیا۔ قرارداد کے مطابق لاہور کے عوام نے اس سیاسی پروگرام کو مسترد کیا اور ایسے طرزِ عمل کو عوام کو گمراہ کرنے اور مبینہ فالس فلیگ بیانیہ بنانے کی کوشش قرار دیا گیا۔
پنجاب اسمبلی نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی احتجاج آئین و قانون کے دائرے میں ہونا چاہیے اور دوبارہ ریاستی تصادم، سڑکوں کی بندش یا انتشار کی سیاست کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
قرارداد میں وزیراعلیٰ کے پی کو لاہور میں سیاسی سرگرمیوں کے بجائے خیبرپختونخوا کے امن و امان، تعلیم، صحت اور ترقی کے مسائل پر توجہ دینے کا مشورہ بھی دیا گیا، جبکہ پنجاب حکومت کے عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔












