لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر صوبہ بھر میں قانون شکن اور ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں مین بازار منصورہ اور سندر اڈا میں کارروائی کرتے ہوئے معروف سنیکس یونٹ اور دو ملک شاپس کو بند کردیا، جبکہ خلاف ورزیوں پر دو مقدمات بھی درج کیے گئے۔
کارروائی کے دوران 2500 کلوگرام ایکسپائر بیکری اشیاء اور 450 لٹر ملاوٹی دودھ تلف کیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق دودھ کے سیمپلز فیل ہونے پر ملک شاپس کے خلاف مقدمات درج کیے گئے اور انہیں بند کردیا گیا، جبکہ سنیکس یونٹ میں ایکسپائر اشیاء کی موجودگی پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق تلف کیے گئے دودھ میں پانی اور پاؤڈر کی ملاوٹ پائی گئی، جبکہ سنیکس یونٹ میں لازمی پروڈکٹ رجسٹریشن موجود نہیں تھی اور غیر منظور شدہ لیبل بھی برآمد ہوئے۔ کارروائی کے دوران جانوروں کی فیڈ کے لیے استعمال ہونے والا چورہ بھی ملا، جبکہ ٹوٹے اور گندے فرش پر اشیاء بغیر ڈھانپے رکھنے کی خلاف ورزی بھی سامنے آئی۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق دودھ میں ملاوٹ سنگین جرم ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر صوبے بھر میں انسدادِ ملاوٹ مہم مسلسل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھین:اوکاڑہ ، 1 ہزار کلو غیر معیاری خوراک تلف ، دکانداروں کو کتنا جرمانہ کیا گیا ؟














