لاہور(پنجاب پوسٹ)عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں جمہوری اقدار کے فروغ، آئین کی بالادستی، قانون کی عملداری اور احتساب کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی یوم جمہوریت منانے کا مقصد جمہوری اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، جبکہ جمہوریت محض ایک سیاسی نظام نہیں بلکہ ملکی ترقی میں عوام کے فعال کردار کا مسلسل عمل ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ جمہوریت ایک مسلسل سفر ہے جس کی منزل ایک متوازن اور فلاحی معاشرے کا قیام ہے۔ جمہوریت کی کامیابی کے لیے باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی عملداری بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ احتساب جمہوریت کا اہم ستون ہے اور عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر کرپٹ عناصر کے احتساب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پنجاب میں کرپشن کے سدباب کے لیے منظم مہم جاری ہے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ آئین کی بالادستی ہی جمہوریت کی اصل روح ہے۔ جمہوری روایات کے فروغ اور استحکام کے لیے سول سوسائٹی اور اداروں کی فعالیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے باہمی برداشت، مفاہمت اور پارلیمانی روایات کا تسلسل ناگزیر ہے۔ جمہوریت ہی سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام کی منزل تک پہنچنے کا واحد راستہ ہے۔












