گوجرانوالہ(پنجاب پوسٹ)گوجرانوالہ کے علاقے ڈیرہ شاہ جمال میں معمولی جھگڑا 12 سالہ بچے کی جان لے گیا، جہاں مبینہ طور پر ہم عمر دو بچوں نے شیشے کی بوتل توڑ کر بچے کے پیٹ میں وار کردیا۔
پولیس کے مطابق 12 سالہ لقمان اقبال کا محلے میں ہم عمر بچوں سمیر اور ریحان سے معمولی جھگڑا ہوا تھا۔ جھگڑے کے دوران مبینہ طور پر ملزمان نے شیشے کی بوتل توڑ کر لقمان اقبال کے پیٹ میں مار دی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی بچے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و تشویش کی فضا پیدا ہوگئی۔
پولیس نے مقتول بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کردیا ہے۔ دوسری جانب اہلخانہ کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دونوں بچے تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔












