لاہور (پنجاب پوسٹ) اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے رشوت کے الزام میں کارروائی کرتے ہوئے لیڈی پولیس انسپکٹر دینش احمد اور ان کے شوہر نعیم غفور کو گرفتار کر لیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق شکایت کنندہ عمر دراز نے الزام عائد کیا تھا کہ مقدمہ FIR نمبر 1859/26، تھانہ غازی آباد لاہور کی تفتیش میں مبینہ طور پر فائدہ پہنچانے کے لیے رشوت طلب کی جا رہی ہے۔
شکایت کنندہ کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر پہلے ہی 3 لاکھ 27 ہزار روپے وصول کر چکے تھے جبکہ مزید 40 ہزار روپے کا مطالبہ کیا گیا۔
شکایت موصول ہونے پر اینٹی کرپشن لاہور نے مجسٹریٹ کی نگرانی میں ٹریپ ریڈ کیا۔ کارروائی کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ نے 15 ہزار روپے کے نشان زدہ نوٹ نعیم غفور کے قبضے سے برآمد کر لیے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق دینش احمد اور نعیم غفور کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا اور ان کے خلاف FIR نمبر 55/26 درج کرکے متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔












