لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی کھلاڑیوں کے خلاف ڈسپلنری کارروائی میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، کھلاڑیوں کے مشکوک رویے کے خلاف پی سی بی کی انکوائری نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی تک پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے قومی کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان کو نوٹس جاری کرکے طلب کیا تھا۔ دونوں کرکٹرز آج این سی سی آئی اے لاہور میں پیش ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں پلیئرز کو طلبی سے متعلق نوٹس جمعرات کو جاری کیا گیا تھا، جبکہ پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فون تحویل میں لے کر این سی سی آئی اے کے حوالے کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز، انعام بٹ شرکت سے دستبردار، اب پاکستان کی نمائندگی کون کرے گا ؟
این سی سی آئی اے کی جانب سے دونوں کرکٹرز کے موبائل فون ان لاک کرائے جائیں گے، جبکہ دونوں کھلاڑیوں سے موبائل فون اور معاملے سے متعلق مزید پوچھ گچھ بھی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق امام الحق اور محمد رضوان نے این سی سی آئی اے سے جواب دینے کے لیے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ دونوں پلیئرز این سی سی آئی اے کو اپنا تحریری جواب جمع کروائیں گے۔
انگلینڈ میں ناقص پرفارمنس اور ٹیم میں گروپنگ کے معاملے سمیت کھلاڑیوں کے مشکوک رویے سے متعلق پی سی بی کی انکوائری کے سلسلے میں این سی سی آئی اے کی جانب سے دونوں قومی کرکٹرز سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔










