ایشین گیمز، انعام بٹ شرکت سے دستبردار، اب پاکستان کی نمائندگی کون کرے گا ؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستانی ریسلر انعام بٹ نے ڈوپنگ معاملے کے بعد ایشین گیمز سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کے مطابق انعام بٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایشین گیمز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انعام بٹ ایشین گیمز میں پاکستان ریسلنگ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے شرکت کرنے والے تھے، تاہم اب ان کی جگہ ارشد ستار بطور کوچ اور مینیجر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ایشین گیمز میں پاکستان کے چار ریسلرز میڈلز کے حصول کے لیے ایکشن میں ہوں گے۔

پاکستان ریسلنگ ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری ہے، قومی ریسلنگ ٹیم 27 ستمبر کو ایشین گیمز کے لیے جاپان روانہ ہوگی، جبکہ ریسلنگ کے مقابلے 3 اکتوبر سے شروع ہوں گے۔ جاپان میں ایشین گیمز کا آغاز 19 ستمبر سے ہوگا۔

ڈوپنگ معاملے کے بعد انعام بٹ نے پاکستان ریسلنگ فیڈریشن اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدوں سے بھی علیحدگی کا اعلان کردیا۔ محمد انعام بٹ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہوگئے، جبکہ انہوں نے چیئرمین ایتھلیٹس کمیشن پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدے سے بھی علیحدگی اختیار کرلی۔

انعام بٹ کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر وہ عہدوں سے رضاکارانہ طور پر علیحدگی اختیار کررہے ہیں، اپنے فیصلے سے صدر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو آگاہ کردیا ہے۔

انعام بٹ کے مطابق کھیلوں کے وسیع تر مفاد میں عہدوں سے علیحدگی کا فیصلہ کیا، شفافیت اور غیر جانب داری یقینی بنانے کے لیے عہدے چھوڑ رہا ہوں تاکہ تمام متعلقہ معاملات منصفانہ انداز میں آگے بڑھ سکیں اور پاکستان ریسلنگ و کھلاڑیوں کے مفادات متاثر نہ ہوں۔

انعام بٹ نے کہا کہ کھیل اور کھلاڑیوں کا مفاد ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہا ہے اور رہے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے