سرگودھا (پنجاب پوسٹ) آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں انتخابی انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ضلع سرگودھا کی 236 یونین کونسلز میں 27 لاکھ 86 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے ضلع میں 1705 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جہاں مجموعی طور پر 5224 پولنگ بوتھ ہوں گے۔
بریفنگ کے مطابق انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 17 ہزار 377 پولنگ اسٹاف درکار ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر جبکہ 35 ریٹرننگ افسران مقرر کیے جائیں گے، جبکہ الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے تقریباً 66 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران درکار ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے لیے افسران کی فہرستیں تیار کرنے کی ہدایت کی۔ پولنگ عملے کی تعیناتی کے لیے گریڈ 1 سے 20 تک کے ملازمین کا جامع ڈیٹا بھی طلب کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے 1000 نوجوانوں کو بڑھئی اور ٹائل فکسر کی ٹریننگ کیوں دی ؟
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پولنگ اسٹیشنز کے لیے تقریباً 1200 سرکاری عمارتیں درکار ہوں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پولنگ اسٹیشنز کے لیے سرکاری اسکولز، صحت مراکز اور دیگر سرکاری عمارتوں کو ترجیح دی جائے۔
حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ پانی، بجلی، واش رومز اور فرنیچر جیسی بنیادی سہولیات رکھنے والی عمارتوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا تمام ہوم ورک فوری مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام مطلوبہ معلومات تین روز میں اکٹھی کرکے الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائیں۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کو 15 ستمبر تک حتمی شکل دینے کی ٹائم لائن بھی مقرر کر دی گئی۔











