پنجاب حکومت نے 1000 نوجوانوں کو بڑھئی اور ٹائل فکسر کی ٹریننگ کیوں دی ؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنانے کے لیے آسٹریلیا کے تعاون سے اسکل ڈویلپمنٹ کا بڑا پروگرام شروع کردیا، جس کے تحت 1000 نوجوانوں کے لیے بڑھئی اور ٹائل فکسر سمیت مختلف ہنر متعارف کروائے جا رہے ہیں۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب سے آسٹریلوی ہائی کمیشن کے ٹموتھی کین نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان زراعت، اسکل ڈویلپمنٹ اور تجارت کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں گزشتہ دو برس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوئی ہے۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت ہنرمندی کی ترقی اور نوجوانوں کو جدید تربیت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب حکومت کے "پیوٹ اکنامک ٹرانسفارمیشن پروگرام” کے تحت آسٹریلیا کے ساتھ مل کر اسکل ڈویلپمنٹ کا بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس میں پانچ ایسی سکلز کا انتخاب کیا گیا ہے جو ایکسپورٹ لیئرڈ ہیں اور عالمی مارکیٹ میں ان کی طلب موجود ہے۔

پروگرام کے تحت آسٹریلین ماسٹر ٹرینرز پاکستان آکر نوجوانوں کو تربیت دیں گے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے تحت خواتین کی ٹریننگ کو بھی پروگرام کا مرکزی حصہ قرار دیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کو جدید اور عالمی معیار کی مہارتیں فراہم کرکے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا چاہتی ہے۔ خواتین کو قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بااختیار بنانے کے لیے بھی نئے پیشہ ورانہ ٹریننگ پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں۔

ملاقات میں زراعت، لائیو اسٹاک اور ڈیری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ میکنائزڈ زراعت کے فروغ سے پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا، جبکہ سمارٹ کلائمیٹ ریزیلینٹ بیج موسمیاتی چیلنجز کا پائیدار حل ہیں۔ جدید زرعی ٹیکنالوجی اور بہتر بیجوں کے ذریعے خوراک کی خودکفالت کی جانب پیش رفت ہوگی۔

آسٹریلوی تعاون سے پنجاب میں مویشیوں کی پیداوار بڑھانے، پانی، بیج اور کلائمیٹ سے متعلق منصوبوں پر بھی کام جاری ہے تاکہ کسانوں کو جدید تکنیک میسر آسکے۔ زرعی شعبے میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کھیلوں کے فروغ کے لیے گراس روٹ لیول پر نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش کے حوالے سے سہولیات فراہم کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا عزم ہے کہ پاکستان آسٹریلیا تعاون کو صرف کاغذی کارروائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے نوجوانوں اور کسانوں کو فائدہ پہنچایا جائے۔

ملاقات میں آسٹریلیا کی جانب سے 2027 کے لیے پاکستان کے لیے 40 شارٹ کورس اسکالرشپس کے اعلان کا بھی ذکر کیا گیا۔ اہل افراد میں سرکاری افسران، یونیورسٹیوں اور بزنس سیکٹر کے نمائندے شامل ہوں گے، جبکہ منتخب امیدوار آسٹریلیا جاکر تربیت حاصل کریں گے۔

پاکستانی آم کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے آسٹریلیا میں "Mango Mela” منعقد کروانے کی تجویز بھی دی گئی، جبکہ آسٹریلوی حکومت سے ویزہ عمل میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی گئی۔

آسٹریلوی ہائی کمیشن نے پنجاب میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ورکنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے بچوں کی دیکھ بھال اور ہراسمنٹ سے متعلق مثالی اقدامات کیے ہیں۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز عملی اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار اور کسانوں کو بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شراکت داری سے پنجاب کی برآمدات بڑھانے اور نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر قابل بنانے میں مدد ملے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے