لاہور(پنجاب پوسٹ) یومِ دفاع پاکستان اور یومِ فضائیہ کی مناسبت سے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے افواجِ پاکستان کے بہادر شہداء اور غازیوں کو منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے خصوصی بلڈ ڈونیشن مہم کا انعقاد کیا۔
سیف سٹی ورچوئل بلڈ بینک کے تحت منعقدہ خصوصی مہم میں سیف سٹی، پنجاب پولیس اور شہریوں سمیت 729 رضاکاروں نے خون کے عطیات دیے۔ خون عطیہ کرنے والوں میں سیف سٹی کے پولیس کمیونیکیشن افسران، پنجاب پولیس کے افسران اور شہری شامل تھے۔
اس موقع پر 729 رضاکاروں نے اپنے خون کے عطیات افواجِ پاکستان کے بہادر شہداء اور غازیوں کے نام منسوب کرتے ہوئے ان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے 1000 نوجوانوں کو بڑھئی اور ٹائل فکسر کی ٹریننگ کیوں دی ؟
بلڈ ڈونیشن مہم میں شریک افسران کا کہنا تھا کہ شہداء نے وطن کے دفاع کے لیے اپنا خون پیش کیا، ہم نے ان کے احترام اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خون عطیہ کیا ہے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق بلڈ ڈونیشن مہم کا مقصد افواجِ پاکستان، غازیوں اور شہداء کے خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرنا اور قومی جذبے کو اجاگر کرنا تھا۔ سیف سٹی ورچوئل بلڈ بینک جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خون کے عطیات کو ضرورت مند مریضوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خون عطیہ کرنے کے لیے رجسٹریشن یا کسی میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے بلڈ ڈونیشن مہم کو ہفتۂ دفاعِ پاکستان کے دوران افواجِ پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا عملی اور منفرد اقدام قرار دیا گیا۔










