کاہنہ (پنجاب پوسٹ) کاہنہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پورا کردیا، کاہنہ کی کھوکھا مارکیٹ کی 139 دکانوں کو سہولت بازار میں تبدیل کیا جارہا ہے، منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو ایک ہی چھت تلے ضروری سہولیات میسر ہوں گی۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کے ہمراہ کاہنہ کا دورہ کیا، اس دوران سہولت بازار کے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نشتر نے سہولت بازار کاہنہ کے جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے کہا کہ کاہنہ میں 139 دکانوں پر مشتمل سہولت بازار عوامی سہولت کا اہم منصوبہ ہے، حکومت پنجاب عوام کو مصنوعی مہنگائی سے بچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ذیشان ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہر شہری کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کرنا ہے، سہولت بازاروں میں قیمتوں کی نگرانی کا شفاف نظام یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود ان عوامی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لے رہی ہیں۔
مشیر وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کاہنہ سہولت بازار کے اطراف کی سڑکوں کی بحالی بھی منصوبے کا حصہ ہے، سہولت بازار کی جلد تکمیل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ کاہنہ میں سہولت بازار کی جلد تکمیل کے لیے کوشاں ہیں، 139 دکانوں کو سہولت بازار میں تبدیل کرنے سے شہریوں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات ملیں گی۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سہولت بازار میں اسٹالز کی الاٹمنٹ مکمل میرٹ اور شفاف طریقے سے کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق مارکیٹ کی تعمیر کے لیے جدید سٹرکچرل ڈیزائن کو مدنظر رکھا گیا ہے، منصوبے کی تکمیل سے کاہنہ کے شہریوں کو بہتر اور منظم سہولیات میسر آئیں گی۔










