لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے پتنگ بازی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا، جس پر ملت پارک اور گلشن راوی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد کو غیر قانونی ڈور اور گڈوں سمیت گرفتار کرلیا۔
ملت پارک پولیس نے آویاں چوک سے ملزم راشد کو گرفتار کیا، ملزم کے قبضے سے 65 کیمیکل ڈور کی چرخیوں اور 40 گڈے برآمد ہوئے۔ دوسری کارروائی میں گلشن راوی پولیس نے ملزم ندیم کو 5 کیمیکل ڈور کی چرخیوں سمیت حراست میں لے لیا۔
ایس پی اقبال ٹاؤن کے مطابق ملزمان راشد اور ندیم سے مجموعی طور پر 70 کیمیکل ڈور کی چرخیاں اور 40 گڈے برآمد ہوئے۔ ملزمان نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جرم کا ارتکاب کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان راشد اور ندیم کے خلاف دی پنجاب ریگولیشن آف کائیٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ ایک پتنگ کی ڈور کئی گھروں کے چراغ بجھا سکتی ہے، پتنگ بازی کی اجازت حکومتی احکامات کے مطابق صرف بسنت کے تہوار پر ہوتی ہے۔
فیصل کامران کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، شہری بھی غیر قانونی پتنگ بازی اور خطرناک ڈور کے استعمال کی روک تھام میں پولیس سے تعاون کریں۔










