لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور پولیس نے امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے شہر بھر میں کومبنگ آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک شہر بھر میں 2777 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد گھروں کی تلاشی جبکہ 2 لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔
پولیس کارروائیوں کے دوران 1774 مشتبہ افراد اور 288 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 252 اور ناجائز اسلحہ رکھنے پر 102 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
دوسری جانب جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے سپروائزری افسران کو مساجد، امام بارگاہوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی کا خود جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ مشکوک سرگرمیوں اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، پولیس افسران اور اہلکار چوکس رہیں جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید مؤثر بنائی جائے۔ قانون شکن عناصر کے خلاف کومبنگ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں۔












