سرگودھا(پنجاب پوسٹ) ترکھانوالہ پولیس کی مؤثر تفتیش اور مضبوط پیروی کے نتیجے میں شوہر کے قتل کے مقدمے میں ملوث خاتون کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق مقدمہ نمبر 434/25 بجرم دفعہ 302 کا فیصلہ معزز عدالت نے سناتے ہوئے ملزمہ نازیہ بی بی کو اپنے شوہر محمد سلیم کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا عائد کر دی۔
پولیس کے مطابق ترکھانوالہ پولیس نے مقدمے کی تفتیش جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کی جبکہ پراسیکیوشن اور پولیس کی مؤثر پیروی کے باعث عدالت سے ملزمہ کو سزا دلوانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
ڈی پی او سرگودھا نے کہا کہ سنگین مقدمات میں ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانا ہی اصل انصاف ہے۔ جدید تفتیشی نظام اور مؤثر پیروی کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے۔










