عوام کے لیے بڑا ریلیف، نظریاتی حریف ایمل ولی خان کی حافظ نعیم کی تعریف، اب مل۔کر پہنچائیں گے حکومت کو تکلیف؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری احتجاجی دھرنوں سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے سینیٹر ایمل ولی خان کو جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنوں میں شرکت کی دعوت دی، جسے اے این پی کے صدر نے قبول کر لیا۔ دونوں رہنماؤں نے عوامی مسائل اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف سیاسی و جمہوری قوتوں کے مل کر آواز اٹھانے کی ضرورت پر بھی گفتگو کی۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی اور جمہوری قوتوں کو عوامی حقوق اور مہنگائی کے خلاف اکٹھا ہونا ہوگا۔ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز اور پٹرولیم لیوی کا بوجھ کم کرکے عوام کو ریلیف دے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پٹرولیم لیوی اور مہنگی بجلی کے خاتمے تک جماعت اسلامی کی ملک گیر تحریک جاری رہے گی۔ عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کو سنجیدہ اور فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔

دوسری جانب سینیٹر ایمل ولی خان نے پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔

ٹیلی فونک رابطے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات، مہنگائی اور اضافی ٹیکسز کے خلاف سیاسی و جمہوری قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے