لاہور(پنجاب پوسٹ)راوی روڈ پر ناکہ توڑ کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو زخمی جبکہ ڈاکوؤں کا تعاقب کرتے ہوئے دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔ زخمی ڈاکو نے فرار کا راستہ نہ ملنے پر خود کو مظلوم شہری ظاہر کرتے ہوئے ڈکیتی مزاحمت میں گولی لگنے کی کال چلا دی، تاہم پولیس کی جانب سے وقوعہ سے متعلق پوچھ گچھ کے دوران حقیقت سامنے آگئی۔
پولیس کے مطابق راوی روڈ پر ڈاکو ناکہ توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ انہوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کی تو ایک ڈاکو گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی نے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ڈاکو کو جب فرار ہونے کا کوئی راستہ نہ ملا تو اس نے پولیس سے بچنے اور علاج معالجے کے لیے اپنے ساتھ ڈکیتی مزاحمت کا ڈرامہ رچایا۔ ملزم نے خود کو مظلوم شہری ظاہر کرتے ہوئے گولی لگنے کی کال چلائی۔
پولیس نے وقوعہ سے متعلق زخمی شخص سے پوچھ گچھ کی تو اس کے بیانات میں تضاد سامنے آیا، جس کے بعد تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ زخمی شخص کوئی مظلوم شہری نہیں بلکہ خود ڈکیتی میں ملوث ڈاکو ہے۔
زخمی ملزم نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ وہ اور اس کا ساتھی پولیس سے بچنے کے لیے فرار ہو رہے تھے، فائرنگ کے تبادلے میں وہ زخمی ہوگیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی بھی زخمی حالت میں اسے چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
پولیس نے زخمی ڈاکو کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے جبکہ فرار ہونے والے اس کے ساتھی کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام ڈویژنوں کی ناکہ بندی بھی کردی۔










