سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) تھانہ حاجی پورہ پولیس نے چار سال سے اشتہاری ملزم افضل کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم افضل نے چار سال قبل اپنے دوست شان کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کے بعد قتل کیا اور لاش علاقہ بوگڑھ کے قریب نالے میں پھینک دی تھی۔ واردات کے بعد ملزم افضل روپوش ہوگیا اور چار سال تک پولیس کو مطلوب اور اشتہاری رہا۔
ایس ایچ او تھانہ حاجی پورہ کاشف بٹ نے نفری کے ہمراہ جدید اور سائنسی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد کی ہدایت پر اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔










