ستھرا پنجاب کے ورکرز اور سپروائزرز کے فون نمبروں کے بینرز گلیوں میں کیوں لگائے جارہے ہیں ؟

لاہور (پنجاب پوسٹ)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سُتھرا پنجاب کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود، فوکل پرسن عاصم محمود اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ ضلعی سُتھرا پنجاب ایجنسیز کے مینجنگ ڈائریکٹرز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔

ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے اجلاس میں جیوفینسنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات نے ضلعی سُتھرا پنجاب ایجنسیز کی کارکردگی کا فرداً فرداً جائزہ لیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ذیشان رفیق نے کہا کہ ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن آپریشنز کی جیوفینسنگ تکمیل کے قریب ہے۔ جیوفینسنگ کے ذریعے بعض مقامات پر سروس ڈیلیوری سے متعلق شکایات کا مؤثر ازالہ ممکن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر آپریشن جتنا منظم ہوگا، صفائی کی سروس اتنی ہی بہتر ہوگی۔ جیومیپنگ کو سُتھرا پنجاب کے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا تاکہ صفائی آپریشنز کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔

وزیر بلدیات نے لوڈر رکشوں پر میگافون کے ذریعے ویسٹ کلیکشن کے اعلانات کا انتظام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر بیٹ میں ورکرز اور مانیٹرز کے نام اور فون نمبرز کے بینرز آویزاں کیے جائیں تاکہ عوام کسی شکایت کی صورت میں براہِ راست متعلقہ اہلکاروں سے رابطہ کرسکیں۔

ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ استعدادِ کار بڑھانے کے لیے ٹیم ورک کے جذبے کو بروئے کار لایا جائے۔ ایم ڈیز اور تحصیل مینیجرز روزانہ کی بنیاد پر اپنے متعلقہ بیٹس کا دورہ کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ صرف فیلڈ ورکرز کے خلاف تادیبی کارروائیاں کافی نہیں، ناقص کارکردگی پر متعلقہ افسران کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا۔

اجلاس میں اینٹی لٹرنگ اور عوامی آگاہی مہم کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے