اسلام آباد(پنجاب پوسٹ)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال کے بعد پارٹی نے پنجاب میں احتجاج کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی نے پنجاب کے عہدیداروں اور ارکان اسمبلی کو احتجاج کے لیے بھرپور تیاری اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق ارکان اسمبلی کو احتجاجی سرگرمیوں کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے فنڈز جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں کارکنوں کو بھی متحرک کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی اور اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کارکنان کو کیوں پکڑا جارہا ہے؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا دورہ پنجاب بھی احتجاج کی تیاریوں کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے۔ سینٹرل پنجاب کے 10 اضلاع کے ارکان اسمبلی اور کارکنان لاہور میں اکٹھے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل پنجاب کے کارکنان لاہور میں احتجاج کریں گے یا انہیں اسلام آباد بلایا جائے گا، اس کا فیصلہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ پنجاب کے دیگر اضلاع کے ارکان اسمبلی اور کارکنان خیبر پختونخوا میں پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب کے تمام ارکان اسمبلی بھی کارکنان کے ہمراہ احتجاج سے ایک روز قبل پشاور پہنچیں گے، جہاں سے اسلام آباد احتجاج کے لیے حکمت عملی کے مطابق پیش رفت کی جائے گی۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد احتجاج کے لیے ارکان اسمبلی کو کارکنوں کو زیادہ سے زیادہ متحرک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب سینٹرل پنجاب میں احتجاج کی تیاریاں جاری ہیں اور پی ٹی آئی کے ایک رہنما کے مطابق کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر پولیس چھاپے بھی مار رہی ہے۔










