ننکانہ صاحب (پنجاب پوسٹ) شاہکوٹ میں منشیات فروشی کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے مجرم خالق عمران کو 20 سال قید اور 8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
ایڈیشنل سیشن جج محمد منصور عطا نے مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ تھانہ سٹی شاہکوٹ پولیس نے مجرم خالق عمران کو 2024 میں گرفتار کیا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتاری کے وقت مجرم کے قبضے سے 10 کلو 660 گرام منشیات برآمد ہوئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ’’ڈرگ فری پنجاب‘‘ مہم کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی پی او ارسلان زاہد کے مطابق مقدمے کی مؤثر پیروی میں انویسٹی گیشن، پراسیکیوشن اور لیگل ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں عدالت سے مجرم کو سزا دلوائی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔











