سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران تھانہ حاجی پورہ پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش محمد عمران کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 5 کلو 400 گرام چرس، 300 گرام آئس اور 120 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اینٹی نارکوٹکس فورس کو بھی مطلوب تھا اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم پشاور سے منشیات منگوا کر سیالکوٹ میں سپلائی کرتا تھا، جبکہ منشیات کے آرڈرز آن لائن رابطوں کے ذریعے وصول کیے جاتے تھے۔ پولیس کے مطابق منشیات کی مقامی سطح پر ترسیل کے لیے ڈلیوری بوائز پر مشتمل نیٹ ورک بھی استعمال کیا جاتا تھا۔
ملزم کی گرفتاری سے بین الصوبائی منشیات سپلائی چین کا اہم رابطہ توڑ دیا گیا ہے، جبکہ دیگر سپلائرز، سہولت کاروں اور ڈلیوری نیٹ ورک سے متعلق تفتیش جاری ہے۔ گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ حاجی پورہ میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کو قانون کی گرفت میں لاکر نوجوان نسل کا مستقبل محفوظ بنائیں گے، منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔










