لاہور(پنجاب پوسٹ)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے چنیوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے ہلال احمر کے تعاون سے تعمیر کیے گئے نئے گھروں کی چابیاں مستحق خاندانوں میں تقسیم کیں۔ تقریب میں چیئرمین ہلال احمر میاں محمد حنیف، جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب حسن مرتضیٰ اور چنیوٹ کے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
گورنر پنجاب نے بتایا کہ 26 نئے گھروں کی تعمیر پر چار کروڑ روپے لاگت آئی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور انہیں مستقل رہائش کی فراہمی حکومت اور فلاحی اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے منشور میں روٹی، کپڑا اور مکان بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پورے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے نئے گھر تعمیر کروا کر فراہم کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل خصوصاً غریب طبقے کی مشکلات کا ازالہ ضروری ہے۔
گورنر پنجاب نے ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا چولہا ٹھنڈا ہونا لمحۂ فکریہ ہے، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب افراد کو ملازمتوں سے نکالنے کے بجائے بھاری تنخواہیں لینے والے افراد کے اخراجات اور مراعات پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبے عوام کی مرضی اور اتفاقِ رائے کے بغیر نہیں بن سکتے۔ ملک اس وقت کسی زبردستی کے فیصلے کا متحمل نہیں ہوسکتا، تمام اہم فیصلے اتفاقِ رائے سے کیے جانے چاہئیں۔
اس موقع پر چیئرمین ہلال احمر میاں محمد حنیف نے کہا کہ ہلال احمر پورے پاکستان میں فلاحی کاموں میں پیش پیش ہے۔ انہوں نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو ہلال احمر کا صدر ہونے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر وقت دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔










