لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں پیپلز پارٹی کے صدر افراز نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی کارکن راشدہ کنول کے ساتھ مبینہ سیاسی انتقامی کارروائی اور ہراسانی کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے معاملے کا فوری نوٹس لینے اور شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔
افراز نقوی نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی عمران جاوید، ان کی والدہ مائی وڈیری اور ایک اور رکن اسمبلی ثاقب چڈھر خواتین کو ہراساں کرنے کے معاملے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی کارکن راشدہ کنول کی جانب سے عمران جاوید کے خلاف لگائے گئے ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات کی جائیں اور قانون کے مطابق ایف آئی آر درج کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:اداکارہ ہراسانی کیس، کیا ثاقب چدھڑ کو مقدمے سے بری کردیا گیا ہے؟
پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے خواتین کے تحفظ کے دعوے زمینی حقائق کے برعکس دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور سیاسی کارکنوں کو ہراساں کیے جانے کے واقعات پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔
راشدہ کنول نے معاملے کو سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے شفاف اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں تعاون کرنے پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، پیپلز پارٹی مرکزی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف، جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ اور پی پی لاہور کے صدر فیصل میر کا شکریہ ادا کیا۔
افراز نقوی نے واضح کیا کہ کسی بھی سیاسی کارکن کے خلاف سیاسی انتقام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ الزامات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری معین بٹ بھی شریک ہوئے اور انہوں نے بھی معاملے سے متعلق اپنی گزارشات پیش کیں۔










