سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) تھانہ سبز پیر پولیس نے 17 سال سے زائد عرصے سے روپوش شادی سے انکار پر لڑکی کے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم نعیم سلامت عرف وسیم سلامت کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم مقدمہ نمبر 50/2009 بجرم 302/109 ت پ میں مطلوب تھا۔ ملزم مقتولہ سے پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا، تاہم رشتہ مسترد ہونے پر اس نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کے بعد ملزم روپوش ہوگیا تھا۔
ترجمان پولیس کے مطابق اشتہاری مجرم 17 سال سے زائد عرصے تک گرفتاری سے بچنے کے لیے مختلف علاقوں میں ٹھکانے بدلتا رہا۔ ملزم کراچی، بلوچستان اور آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں روپوش رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے متعدد مرتبہ اپنی شناخت اور شناختی دستاویزات بھی تبدیل کیں، تاہم جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے اس کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔
ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹاسک دیا تھا، جس پر تھانہ سبز پیر پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت سے کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری مجرم کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزم سے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ ڈی پی او نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او سبز پیر اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔
ڈی پی او دوست محمد کا کہنا تھا کہ جرم کتنا ہی پرانا ہو، مجرم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔ سنگین مقدمات کے اشتہاری مجرمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔










