لاہور ( پنجاب پوسٹ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے جنگ بندی کا اقدام خطے میں امن کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جو دونوں فریقین کے درمیان اعتماد سازی کے لیے نہایت اہم ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان تنازعہ پیچیدہ اور دیرینہ ہے، جبکہ ایران کا امریکہ پر عدم اعتماد اب بھی برقرار ہے۔ ایسے میں سخت مؤقف رکھنے والے ممالک کو قریب لانا ایک بڑی سفارتی مہارت کا تقاضا کرتا ہے۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان تنازعہ پیچیدہ اور دیرینہ ہے، جبکہ ایران کا امریکہ پر عدم اعتماد اب بھی برقرار ہے۔ ایسے میں سخت مؤقف رکھنے والے ممالک کو قریب لانا ایک بڑی سفارتی مہارت کا تقاضا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی میں توسیع ایک بڑی کامیابی ہے اور امید ظاہر کی کہ خطے میں جنگ کے بجائے مذاکرات اور سفارتکاری کو فروغ ملے گا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے ملکی سیاسی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان مکالمہ ناگزیر ہے اور چارٹر آف اکانومی وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی نظام تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور ایران امریکہ تنازع میں عالمی طاقتوں کی حدود بھی واضح ہونا شروع ہو گئی ہیں، تاہم موجودہ حالات میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔















