لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں جیلوں کے انتظامی نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا، لاہور ریجن پر قیدیوں کا بڑھتا ہوا بوجھ کم کرنے کے لیے گوجرانوالہ میں نئی ریجنل کمانڈ قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ ریجن میں 5 جیلیں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جن میں سنٹرل جیل گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں شامل ہیں۔ نئے ریجن کے قیام سے لاہور ریجن پر انتظامی دباؤ کم ہوگا۔
مراسلے کے مطابق لاہور ریجن میں قیدیوں کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ پنجاب بھر کے جیل نظام میں تقریباً 36 فیصد قیدیوں کا بوجھ لاہور ریجن پر ہے۔ نئے گوجرانوالہ ریجن میں تقریباً 9 ہزار قیدیوں کا انتظام ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے طلبا و طالبات، پولیس میں انٹرن شپ کیسے کر سکتے ہیں؟
نئی ریجنل کمانڈ کے قیام کا مقصد جیلوں کی نگرانی بہتر بنانا، انتظامی امور میں بہتری لانا اور فیصلوں کے عمل میں تیزی لانا ہے۔
مراسلے کے مطابق پنجاب کابینہ نے گوجرانوالہ ریجن کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جبکہ محکمہ خزانہ کی جانب سے 20 نئی پوسٹیں پہلے ہی منظور کی جا چکی ہیں۔
گوجرانوالہ ریجن کے قیام پر سالانہ اخراجات کا تخمینہ 68 کروڑ 60 لاکھ 10 ہزار روپے لگایا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق مزید نئی پوسٹیں تخلیق نہیں کی جائیں گی اور اضافی اخراجات موجودہ بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ ریجن کے قیام کی منظوری دی۔ مراسلے میں نئے ریجن کے قیام کو جیل اصلاحات اور انتظامی بہتری کی جانب اہم اقدام قرار دیا گیا ہے۔











