لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیرِ صدارت سول سیکرٹریٹ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی اسکیموں پر جاری کام، تعمیراتی رفتار اور منصوبوں کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا، جبکہ صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ترقیاتی کام بروقت مکمل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 51 شہروں میں 18 ملین گیلن گنجائش کے 105 واٹر ٹینکس تعمیر کیے جا رہے ہیں، جبکہ مختلف شہروں میں اب تک 92 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس مکمل ہو چکے ہیں۔ وزیر بلدیات نے واٹر ٹینکس کی تعمیر میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے باقی کام بھی مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ذیشان رفیق کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 77 کلومیٹر طویل 124 ڈرینز کی تعمیر کا منصوبہ بھی جاری ہے۔ اب تک 92 ڈرینز مکمل کی جا چکی ہیں جبکہ مزید 6 ڈرینز پر تیزی سے کام جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو تعمیراتی معیار برقرار رکھتے ہوئے منصوبوں کی موثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں 81 ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر کے مطابق مختلف شہروں میں 23 ڈسپوزل اسٹیشنز پر کام شروع ہو چکا ہے جبکہ مزید 58 ڈسپوزل اسٹیشنز پر مرحلہ وار کام کا آغاز جلد کیا جائے گا۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے سے بجلی کے بلوں میں نمایاں بچت ہوگی، جبکہ یہ اسٹیشنز شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھین:پنجاب کے طلبا و طالبات، پولیس میں انٹرن شپ کیسے کر سکتے ہیں؟
صوبائی وزیر نے واٹر ٹینکس اور ڈرینز کی بروقت تعمیر پر متعلقہ ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر اور اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو تعمیراتی کام کی موثر مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔











