لاہور (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، روڈ انفراسٹرکچر، صفائی، لینڈ اسکیپنگ اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر ضلع میں سپیشل روڈ مینٹیننس اسکواڈ قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ سڑکوں کی روزانہ جانچ پڑتال، صفائی، مینٹیننس اور ٹوٹ پھوٹ کی بروقت مرمت کا ذمہ دار ہوگا۔
مریم نواز شریف نے مخصوص اربن روڈز پر کیٹ آئیز کی تنصیب لازمی قرار دینے اور سڑکوں کی پائیداری و خوبصورتی کے لیے تھرموپلاسٹک روڈ مارکنگز استعمال کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مناسب مارکنگ، لین مارکنگ، ٹریفک سائنز اور ہدایتی نشانات نصب اور برقرار رکھے جائیں جبکہ تمام روڈ سیفٹی اقدامات منظور شدہ تکنیکی معیار کے مطابق ہوں۔
یہ بہی پڑھیں:لاہور شہر میں 250 ستھرا پنجاب ورکرز ریلوے کی پٹریاں کیوں صاف کر رہے ہیں؟
وزیراعلیٰ نے شہر اور تحصیل کے داخلی راستوں پر روایتی کنکریٹ کے داخلی دروازے تعمیر نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہر کے داخلی راستے پر سرسبز و شاداب پلاٹ میں شہر کا نام نمایاں کیا جائے۔ اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں پر جدید میڈین ڈیزائن اور لینڈ اسکیپنگ بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
مریم نواز شریف نے مخصوص سڑکوں کے ساتھ موجود بجلی کے کھمبوں کو مناسب روشنی یا خوبصورت سجاوٹ کے ذریعے روشن کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ لائٹنگ تنصیبات توانائی کی بچت والی، مضبوط، محفوظ اور آسانی سے برقرار رکھنے کے قابل ہونی چاہئیں۔
وزیراعلیٰ نے فوڈ اسٹریٹس کو مخصوص اور الگ تجارتی علاقوں کے طور پر منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہاں مناسب انفراسٹرکچر، صفائی، پارکنگ اور آمدورفت کے مؤثر انتظامات ہونے چاہئیں۔
یہ بہی پڑھیں:پنجاب حکومت نے ائیر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشن 2 سال میں 3 سے 59 تک کیسے پہنچائے؟ عوام کو کیا فائدہ ہوگا؟
انہوں نے صوبے بھر کی تمام سبزی منڈیوں میں آسان رسائی، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ اور منظم تجارتی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام ترقیاتی منصوبے منظور شدہ ڈیزائن، معیاری مواد اور ٹیکنیکل اسٹینڈرڈز کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سڑکوں کے درمیان غیر ضروری کنکریٹ اور ایسے پلانٹرز نہ رکھنے کا بھی حکم دیا جو ٹریفک یا شہری خوبصورتی کو متاثر کریں۔
مریم نواز شریف نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کی مؤثر مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر ضلع میں منصوبوں کے دائرہ کار، وقت کی پابندی، معیار، اخراجات اور عملی پیش رفت کی نگرانی کے لیے باقاعدہ نظام موجود ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ضلع اور تحصیل کے داخلی راستوں کے ڈیزائن مقامی سیاق و سباق کے مطابق مناسب تبدیلی کے ساتھ اپنائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے بھر میں جاری منصوبوں کی شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
۔










