لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر گاڑی چوروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بینکرز سوسائٹی سے چوری ہونے والی گاڑی رنگ روڈ سے برآمد کر لی۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق گاڑی الصبح تقریباً 4 بجے بینکرز سوسائٹی سے نامعلوم چور چوری کرکے فرار ہوگیا تھا۔ شہری ناشط کی اطلاع پر پولیس ریسپانس یونٹ فوری حرکت میں آیا اور چوری شدہ گاڑی کا تعاقب شروع کر دیا۔
پی آر یو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو رنگ روڈ سے راؤنڈ اپ کر لیا، تاہم ملزم تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس نے چوری شدہ گاڑی کو اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ نشتر کالونی کے حوالے کر دیا۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ گاڑی چوری یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔










