فاروق آباد(پنجاب پوسٹ)گھریلو ناچاقی کے باعث 22 سالہ خاتون نے اپنے 8 ماہ کے بیٹے سمیت کیو بی لنک نہر میں چھلانگ لگا دی، ریسکیو 1122 کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو زندہ بچا لیا، تاہم معصوم بچہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے محلہ جہانگیر آباد کی رہائشی 22 سالہ لائبہ اپنے شوہر سے ناراض ہو کر کچھ عرصے سے میکے میں رہ رہی تھی۔ گھر میں اپنی بہن کے ساتھ لڑائی جھگڑے کے بعد وہ رکشے میں سوار ہو کر اپنے سسرال، میانوالی ڈوگراں جانے کا کہہ کر والدین کے گھر سے نکلی۔
یہ بھی پڑھیں:بہاولنگر ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل سوار باپ، بیٹا کچل ڈالے
خاتون نے فاروق آباد میں رکنے کے بعد اپنے 8 ماہ کے بیٹے ارمان حمزہ کو ساتھ لے کر کیو بی لنک نہر میں چھلانگ لگا دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائی شروع کردی۔
ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کو زندہ نکال لیا، تاہم بچہ گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ معصوم بچے کی لاش کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔پولیس نے خاتون کو تحویل میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ایس ایچ او فاروق آباد رانا رضوان الٰہی کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔











