لاہور میں اب صرف جرمانے ہی نہیں ہونگے بلکہ۔۔۔ ٹریفک پولیس نے 146ڈرائیورز کے لائسنس کیوں معطل کئے؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)ٹریفک پولیس نے جان لیوا اور شدید غیر مہلک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 146 ڈرائیورز کے لائسنس معطل کر دیے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق اب ہر مہلک اور شدید غیر مہلک حادثے کی صورت میں ذمہ دار ڈرائیور کے لائسنس کی معطلی عمل میں لائی جائے گی۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا ہے کہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ معطل لائسنس رکھنے والے شخص کی جانب سے دوبارہ ڈرائیونگ کرنے کی صورت میں اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر لائسنس کم از کم ایک سال کے لیے معطل رہے گا۔ مہلک حادثے کے ذمہ دار ڈرائیورز کو لائسنس معطلی کے ساتھ ساتھ دیگر قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق جان لیوا حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس کی معطلی عدالتی احکامات سے مشروط ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ لاہور ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ حادثات کی روک تھام اور شہریوں کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے سخت قانونی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی حادثات میں کمی اور محفوظ لاہور کی ضمانت ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے