لاہور (پنجاب پوسٹ) مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ہیڈ آفس میں ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر میں ڈیزاسٹر رسپانس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی قیادت سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید وقاص جعفری نے کی، جبکہ چیئرمین الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان، صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، سی ای او الخدمت خبیب بلال، جنرل مینیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی سمیت ملک بھر سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور شمالی پنجاب کے ذمہ داران نے اپنے علاقوں میں بارشوں کی صورتحال اور ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیاریوں پر بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق الخدمت کے رضاکار اور ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
سید وقاص جعفری نے کہا کہ مؤثر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا تقاضا آفت آنے کے بعد ردعمل دینے کے بجائے پہلے سے مکمل تیاری اور بروقت اقدامات کرنا ہے۔ فی الحال بڑے پیمانے کی کسی آفت کی اطلاع نہیں، تاہم موسمی پیشگوئیوں کے پیش نظر تمام ریجنز کو الرٹ رہنا ہوگا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں کے ساتھ قریبی علاقوں کو بھی تیار رکھا جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر انہیں بیک اپ سپورٹ کے طور پر استعمال کیا جا سکے۔ تمام ریجنز کو ڈیزاسٹر رسپانس سینٹرز اور امدادی سامان کی انوینٹری کا فوری جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی گئی۔
سیکرٹری جنرل نے سیلابی صورتحال میں تنگ گلیوں اور زیر آب علاقوں کے لیے کشتیوں، حفاظتی جیکٹس اور تربیت یافتہ رضاکاروں کی پیشگی دستیابی یقینی بنانے پر زور دیا۔ رضاکاروں کی فہرستیں اپ ڈیٹ رکھنے اور اچانک ماک ڈرلز کرانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں مختلف ریجنز کے درمیان وسائل کے بروقت تبادلے اور NDMA، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ پیشگی رابطہ یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
سید وقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت اپنے رضاکارانہ نیٹ ورک، ڈیزاسٹر رسپانس سینٹرز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں بروقت اور منظم امدادی کارروائیوں کے لیے مکمل تیار ہے۔










