لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ میں سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران غفلت اور لاپرواہی برتنے والے 30 پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے مختلف نوعیت کی سزائیں سنا دی گئیں۔
ایس پی سیکیورٹی لاہور ہائیکورٹ سید محمود الحسن نے غفلت اور لاپرواہی کے مرتکب پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی، محکمانہ سزاؤں کی زد میں آنے والوں میں سب انسپکٹر شان علی، کانسٹیبل حسیب احمد، سعید احمد، رابیل اور شاہد سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں۔
لیڈی کانسٹیبل شمع طاہر کو بھی محکمانہ سزا دی گئی، پولیس اہلکاروں کو جرمانے، سروس ضبطگی، سنشور اور دیگر محکمانہ سزائیں سنائی گئیں۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی ڈیوٹی میں غیر حاضری، غفلت اور ڈیوٹی کے دوران موبائل فون کے استعمال سمیت مختلف خلاف ورزیوں پر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
اس سے قبل ایس پی سیکیورٹی سید محمود الحسن نے لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ رجسٹری کے سیکیورٹی انتظامات کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی حاضری، ڈیوٹی اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈیوٹی سے غیر حاضر اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم بھی دیا گیا، ایس پی سیکیورٹی نے واضح کیا کہ دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سید محمود الحسن نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران مکمل الرٹ رہیں اور سیکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
ایس پی سیکیورٹی کا کہنا تھا کہ ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ کارروائی جاری رہے گی۔










