لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب پاکستان کا پہلا آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہب قائم کرنے والا صوبہ بن گیا، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ، بروقت الرٹس اور عوام کے تحفظ کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی آئی ٹی بی پیفٹک آفس سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہب کی ای-لانچنگ کی۔
جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ، بروقت الرٹس اور عوام کے تحفظ کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں جدید اے آئی انٹیلی جنس ہب کے قیام سے صوبے میں جرائم کی شرح میں 70 فیصد تک نمایاں کمی حاصل ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس، اسپیشل برانچ اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے عوام کے تحفظ کے لیے ‘ون یونٹ’ کے طور پر مل کر کام کیا ہے، جبکہ صوبے کو ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لیے اربوں روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کیا کہ کچے کا علاقہ جو کبھی جرائم کا گڑھ تصور کیا جاتا تھا، اب حکومت کی مکمل رٹ قائم ہونے سے ‘کرائم فری’ بنا دیا گیا ہے، وہاں کی تمام چیک پوسٹوں کو مضبوط کر کے بلٹ پروف بنایا گیا ہے اور نائٹ وژن و تھرمل کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
مریم نواز نے خبردار کیا کہ پنجاب میں کرپشن کے خلاف فیصلہ کن کارروائی شروع کر دی گئی ہے، کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے اور اگر 100 روپے کی بھی بدعنوانی ہوئی تو اس کا بلا امتیاز پیچھا کیا جائے گا۔
پولیس اہلکاروں اور سپاہیوں کو جدید ‘باڈی کیمز’ فراہم کیے گئے ہیں تاکہ ان کی فیلڈ کارکردگی اور رویے کی براہ راست مانیٹرنگ کی جا سکے۔










