لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مشرقی لاہور کے شہریوں کو نکاسی آب اور بارشی پانی کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اہم اجلاس میں مشرقی لاہور کے لیے جامع اور مؤثر نکاسی آب کے نظام کی تشکیل سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر ہاؤسنگ، ڈی ایچ کیو، بریگیڈیئر بدر اپنی ٹیم کے ہمراہ محکمہ ہاؤسنگ پہنچے، جہاں مشرقی لاہور میں بارشی پانی کی بروقت نکاسی اور موجودہ ڈرینج نظام کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق کنٹونمنٹ، ایئرپورٹ سے گجومتہ تک کے علاقوں میں نکاسی آب کا جامع نظام تشکیل دیا جائے گا، جبکہ ہاؤسنگ ونگ پاک فوج اور محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ نے واسا لاہور کی ٹیم کو اہم ٹاسک سونپ دیے۔
ہڈیارہ اور چرڑ ڈرینز کی ڈیسلٹنگ اور توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بارشی پانی کے بہاؤ میں بہتری لائی جا سکے اور شدید بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے متعلقہ محکموں کو متحرک کیا جائے گا، جبکہ نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مشرقی لاہور کے موجودہ نکاسی آب کے نظام کا ازسرنو جائزہ لے کر اس میں ضروری اصلاحات اور بہتری لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ترجمان کے مطابق حالیہ شدید بارشوں کے باعث شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا مستقل حل یقینی بنایا جائے گا۔ بارشی پانی کی بروقت نکاسی کے لیے جدید، جامع اور مؤثر نظام وضع کیا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔











