لاہور (پنجاب پوسٹ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) اور پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام (PNHWRP) کے پروگرام امپلیمنٹیشن یونٹ (PIU) کے درمیان نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ ایجوکیشن کے معیار کو بہتر بنانے، اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی تیار کرنے اور نرسنگ کی تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
مفاہمتی یادداشت پر پی این ایچ ڈبلیو آر پی کے پروگرام ڈائریکٹر طارق محمود اور یو ایچ ایس کی وائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت نرسنگ میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز، فیکلٹی کی تربیت و تبادلہ، نصاب میں اصلاحات، مسلسل پیشہ ورانہ ترقی، تحقیق، سیمولیشن اور کلینیکل اسکلز سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام ڈائریکٹر طارق محمود نے کہا کہ یو ایچ ایس کے ساتھ اشتراک پی این ایچ ڈبلیو آر پی کی جانب سے کسی تعلیمی ادارے کے ساتھ دسواں ایم او یو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت 270 ایم ایس اور 15 پی ایچ ڈی نرسنگ گریجویٹس تیار کیے جائیں گے جس سے نرسنگ کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم یافتہ تدریسی عملے کی کمی پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ نرسنگ کی تعلیم کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پاکستان کے بڑے تعلیمی اداروں کے علاوہ 4 سے 5 بین الاقوامی جامعات کے ساتھ بھی اشتراک کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر نادیہ نسیم نے کہا کہ یونیورسٹی نے نرسنگ کے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے نصاب پر نظرثانی کی ہے جس میں کلینیکل سکلز اور عملی تربیت کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایچ ایس پنجاب کی پہلی یونیورسٹی ہے جو نرسنگ میں پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے جارہی ہے اور اس کا قابلیت پر مبنی نصاب بھی منظور کیا جاچکا ہے۔
معاہدے کے تحت یو ایچ ایس اور پی این ایچ ڈبلیو آر پی مشترکہ ورکشاپس، تربیتی پروگرامز، فیکلٹی ڈویلپمنٹ، تحقیقی سرگرمیوں اور پوسٹ گریجویٹ تعلیم کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔ یو ایچ ایس کو تین سال کے لیے اکیڈمک ڈگری پروگرامز، فیکلٹی ڈویلپمنٹ، نصاب میں اصلاحات، تحقیق، سیمولیشن و کلینیکل سکلز اور بین الاقوامی تعلیمی روابط سمیت مختلف شعبوں میں مرکزی تعلیمی کردار دیا گیا ہے۔
یہ پروگرام ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مالی تعاون سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے زیر نگرانی جاری ہے۔ پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام کے تحت 2026 سے 2030 تک نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ ایجوکیشن میں عالمی معیار کے مطابق اصلاحات لانے کا منصوبہ ہے۔
تقریب میں پی آئی یو کے کمیونیکیشن اسپیشلسٹ ڈاکٹر حسن صدیق، ڈائریکٹر جنرل نرسنگ مس طاہرہ پروین، پی آئی یو کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سپیشلسٹ عبدالمتین جنجوعہ اور یو ایچ ایس کی سینیئر فیکلٹی نے شرکت کی۔











