لاہور (پنجاب پوسٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے حوالے سے سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ لازمی ہے، نئے صوبوں کا سارا ملبہ اسٹیبلشمنٹ پر نہیں ڈالا جا سکتا۔
حمزہ شہباز نے صحافتی تنظیم پیما کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں بروقت بلدیاتی انتخابات کروا لیتیں تو نئے صوبوں کا ایشو نہ بنتا، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آئین میں ترمیم لازمی ہے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ ہی ہونے چاہئیں، کمزور بلدیاتی نظام مسائل کا حل نہیں ہے، مضبوط بلدیاتی نظام ہی عوام کے مسائل حل کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی نے حکومت اور عوام کے درمیان دوریاں حائل کی ہیں، وزیراعظم آفس میں بیٹھ کر عوامی مسائل کا حل نہیں ڈھونڈا جا سکتا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کے مسائل عوام کے اندر بیٹھ کر ہی حل ہو سکتے ہیں، عوامی مسائل کے حل کیلئے کسی بھی حد تک جاؤں گا۔










