لاہور( پنجاب پوسٹ) لاہور میں آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں پنجاب پولیس کی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ (IAB) کی تنظیم نو اور محکمانہ کرپشن کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ کو پنجاب پولیس میں محکمانہ بدعنوانی کے خلاف احتسابی عمل کا مرکزی کردار بنایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب کے مطابق برانچ بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں میں سپیشل برانچ سے موصولہ معلومات سے بھی مدد لے گی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ ڈی آئی جی (IAB) سب انسپکٹرز اور اعلیٰ رینکس کے افسران کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کا روزانہ کی بنیاد پر خود جائزہ لیں گے، جبکہ انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ کے ریجنل ایس پیز سب انسپکٹرز اور اعلیٰ رینکس کے افسران کی بدعنوانی، بدعنوان طرزِ عمل اور دیگر بے ضابطگیوں سے متعلق انکوائریز خود کریں گے۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ انکوائریز متعلقہ اضلاع یا ریجنز کو نہیں بھجوائی جائیں گی۔ پولیس کے خلاف مزید پیروی نہ کرنے کی خواہش (Not Willing to Pursue) کی بنیاد پر نمٹائی گئی تمام شکایات کو دوبارہ کھولا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ان کی باقاعدہ انکوائری بھی کی جائے گی۔
تفتیش سے متعلق شکایات کو مزید کارروائی اور ضروری اقدامات کے لیے ایس پی کی سطح پر مارک کیا جائے گا، جبکہ انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ کی انکوائریز کے نتیجے میں ہونے والی ضابطہ جاتی کارروائی کی ڈی آئی جی (IAB) کڑی نگرانی کریں گے۔ ضرورت پڑنے پر سنٹرل پولیس آفس کی سطح پر بھی ایسے معاملات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
احتسابی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اے آئی جی انکوائریز کی آسامی دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ میں خالی ریجنل ایس پیز اور ڈی ایس پیز کی آسامیوں پر ترجیحی بنیادوں پر تعیناتیاں کی جائیں گی۔آئی جی پنجاب نے برانچ کو مالی طور پر خودمختار بنانے کے لیے مناسب فنڈز اور مزید بجٹ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ خودمختاری کے نتیجے میں انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی افسران فیلڈ یونٹس سے آزادانہ طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں گے۔اجلاس میں انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ کو مزید مضبوط اور مؤثر بنا کر پنجاب پولیس میں شفافیت، احتساب اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب عمران ارشد، ایڈیشنل آئی جی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ عمران محمود، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد خان، ڈی آئی جی آئی ٹی منصور الحق رانا، اے آئی جی انسپکشن، اے آئی جی کمپلینٹ، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔














