لاہور(پنجاب پوسٹ) چنیوٹ کے تھانہ صدر کی حدود چک 126 ج ب میں کھیتوں سے تین بچوں کی لاشیں برآمد ہونے کے افسوسناک واقعے کا آئی جی پنجاب عبدالکریم نے نوٹس لے لیا۔
آئی جی پنجاب نے آر پی او فیصل آباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف کو واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے معصوم بچوں کے قتل میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم بھی دیا۔
یہ بھی پڑھیں: اب لاہور میں بچوں سے مزدوری کروانے والوں کی خیر نہیں، اے آئی کے ذریعے سب پکڑے جائیں گے
ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف سمیت سینئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں، جہاں سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق 30 اگست 2026 کو شاہنواز نامی شخص نے اپنی اہلیہ کو قتل کیا، جس کے بعد ملزم اپنے بچوں سمیت لاپتہ ہوگیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر چنیوٹ میں دفعہ 302/34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج ہے۔
ڈی پی او چنیوٹ کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
پنجاب پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے جبکہ شواہد کی روشنی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں










