لاہور (پنجاب پوسٹ) بچوں کے تحفظ کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے اہم اقدام کرتے ہوئے پنجاب بھر میں سیف سٹی کیمروں پر اے آئی بیسڈ چائلڈ پروٹیکشن سسٹم فعال کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فعال کیے گئے جدید نظام کے ذریعے بچوں سے مشقت کی سرگرمیوں کی 24 گھنٹے خودکار نشاندہی کی جائے گی، جبکہ اسکول اوقات میں بغیر یونیفارم بچوں کی موجودگی بھی اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے شناخت کی جاسکے گی۔
اسکول اوقات میں یونیفارم پہنے اسکول سے باہر موجود بچوں کی بھی خودکار نشاندہی کی جائے گی، جبکہ بغیر یونیفارم اور یونیفارم میں اسکول سے باہر موجود بچوں کی شناخت پر سسٹم کی جانب سے خودکار الرٹس جاری ہوں گے۔
آؤٹ آف اسکول بچوں کی نشاندہی کیلئے سسٹم صبح ساڑھے 9 بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک فعال ہوگا۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق اے آئی بیسڈ سسٹم ممکنہ چائلڈ لیبر اور اسکول سے باہر بچوں کی بروقت نشاندہی میں معاون ہوگا، جبکہ سیف سٹی کیمروں سے موصول ہونے والے خودکار الرٹس متعلقہ حکام تک بروقت پہنچائے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق جدید اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے چائلڈ لیبر اور بچوں کے اسکول سے باہر ہونے کی صورتحال کی نشاندہی کی جائے گی۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بچوں کے تحفظ اور محفوظ معاشرے کے قیام کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔











