لاہور(پنجاب پوسٹ) داتا دربار پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے واردات کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی اور قبرستان میں چھپے موٹر سائیکل چور گینگ کے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان چار رکنی گینگ کی صورت میں شہر کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں کرتے تھے۔ ملزمان معصوم شہریوں سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو جاتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان وارداتوں کے دوران اسلحہ بھی استعمال کرتے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے ناکام بنا دی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ تین موٹر سائیکلیں، غیر قانونی اسلحہ اور نقد رقم برآمد کر لی گئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شاہد، ذوہیب، حسن اور وحید کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایس پی سٹی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او داتا دربار رضوان اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹریٹ کریمنلز کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔










