لاہور (پنجاب پوسٹ) سی ٹی او کے مطابق شائقین کرکٹ کے لیے چار پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں اور اسٹیڈیم تک رسائی کے لیے شٹل سروس بھی فعال رہے گی۔ مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔
میچ کے دوران کسی بھی سڑک کو مستقل طور پر بند نہیں کیا جائے گا، تاہم ٹیموں کی آمدورفت کے دوران چند لمحوں کے لیے راستے بند کیے جائیں گے اور موومنٹ مکمل ہوتے ہی کھول دیے جائیں گے۔
ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور فیروزپور روڈ سے آنے والے شائقین فیروزپور روڈ کے راستے گورنمنٹ کالج فار بوائز میں گاڑیاں پارک کر سکیں گے۔
ٹھوکر، جوہر ٹاؤن اور کاہنہ سے آنے والے شہری کلمہ چوک اور سینٹر پوائنٹ کے راستے گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کر سکیں گے، جبکہ کینٹ اور ڈیفنس سے آنے والے شائقین کے لیے سی بی ڈی، سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ میں پارکنگ مختص کی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران قذافی اسٹیڈیم کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پارکنگ و اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے ٹریفک اہلکاروں سے رہنمائی حاصل کریں۔ شہریوں کو ٹریفک کی تازہ صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لیے راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 فعال رہیں گے، جبکہ مزید رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔











