گجرانوالہ(پنجاب پوسٹ) گوجرانوالہ میں ولیمے کے روز دلہن صبا کو قتل کرنے کا مرکزی ملزم سرفراز مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی حمزہ گرفتار کر لیا گیا۔ سی سی ڈی ذرائع کے مطابق ملزم سرفراز مدو خلیل روڈ پر سی سی ڈی ٹیم کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوا اور اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی، جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں سرفراز زخمی جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق سرفراز دلہن صبا کے قتل کے بعد کراچی فرار ہو گیا تھا اور بعد ازاں سندھ سے بلوچستان میں روپوش ہونے کی کوشش کرتا رہا۔ سی سی ڈی ٹیمیں اس کا تعاقب کرتی رہیں اور گوجرانوالہ واپسی پر مدو خلیل روڈ کے قریب اس کا سامنا ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق سی سی ڈی نے الگ کارروائی میں مرکزی ملزم کے ساتھی حمزہ کو بھی گرفتار کر لیا، جبکہ مقدمے میں نامزد ملزمہ عروب پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہے۔
واضح رہے کہ 24 اکتوبر کی شام سمن آباد چونگی کے قریب ولیمے سے واپسی پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی روک کر دلہن صبا کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم سرفراز نے مبینہ طور پر کسی دوسرے شخص سے شادی کرنے کے رنج پر صبا کو قتل کیا تھا۔











