پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری، لاہور اور راولپنڈی سمیت متعدد علاقوں میں بارش، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب کے مختلف اضلاع بالخصوص لاہور اور راولپنڈی سمیت کئی علاقوں میں بارشوں کے باعث صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود بارشوں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ صوبائی کنٹرول روم اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز بھی مکمل طور پر فعال اور الرٹ ہیں۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔

سیف انور جپہ نے ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو ضروری مشینری اور عملے کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں اور چوکنگ پوائنٹس پر جمع ہونے والے بارشی پانی کی نکاسی جلد از جلد یقینی بنائی جائے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا موجودہ سلسلہ 6 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہری بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔

پی ڈی ایم اے نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع بارشی پانی کے قریب جانے سے روکیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مدد کی ضرورت کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے