پنجاب میں حبس اور گرمی کی شدت، کن علاقوں میں کتنی برسات ہوگی؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبہ بھر میں مزید مون سون بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 3 سے 5 ستمبر کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بارش کا امکان ہے، جبکہ 4 اور 5 ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، جس کے باعث صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

سیف انور جپہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کچے اور بوسیدہ مکانات میں رہائش اختیار نہ کریں اور آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے کھلے آسمان تلے جانے سے اجتناب کریں۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔

پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے