سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) تھانہ نیکاپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر سے 74 لاکھ روپے مالیت کی چوری ٹریس کرکے خواتین پر مشتمل تین رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں راشدہ پروین، نگینہ سلیم اور شہر بانو شامل ہیں، جن کے قبضے سے 72 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور 2 لاکھ روپے نقدی برآمد کرلی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مختلف گھروں میں کام کاج کرتی تھیں اور موقع ملنے پر قیمتی سامان چوری کرلیتی تھیں۔ مذکورہ واردات میں ملزمان نے ایک عمر رسیدہ خاتون کے صندوق کی چابی حاصل کی اور وقفے وقفے سے اس میں موجود زیورات اور نقدی چوری کرتی رہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے زیورات میں ڈائمنڈ سیٹ، چوڑیاں، ہار اور بالیاں شامل ہیں، جبکہ چوری شدہ مال کی 100 فیصد برآمدگی یقینی بنائی گئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج، سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کیا۔
ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او نیکاپورہ انسپکٹر جہانزیب اور پولیس ٹیم کو شاباش دی اور ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔











