حافظ آباد (پنجاب پوسٹ) جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بریانی کا اضافی ڈبہ مانگنے پر بزرگ خاتون سے مبینہ بدسلوکی اور تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ پنجاب پوسٹ کی خبر پر ڈی پی او حافظ آباد نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو کارروائی کی ہدایت کردی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ میونسپل کمیٹی کے جونیئر کلرک احتشام شاہ نے بریانی کا اضافی ڈبہ طلب کرنے پر بزرگ خاتون سے مبینہ بدتمیزی اور ہاتھا پائی کی۔ واقعہ فاروق اعظم چوک کے قریب پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد ڈی پی او حافظ آباد نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو کارروائی کی ہدایت کی۔ تھانہ سٹی پولیس نے مبینہ تشدد کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او حافظ آباد کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور تحقیقات کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام سے واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ملزم کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے۔










