لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے خاتون پر سسرال سے زیورات اور نقدی چوری کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کے جسٹس آف پیس کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا حکم معطل کردیا۔
جسٹس شیریں عمران نے عائشہ جاوید کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ ناصر چوہان عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ خاتون نے شوہر سے علیحدگی کے بعد خلع کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔ سسرالیوں کی جانب سے خاتون پر گھر سے زیورات اور نقدی چوری کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب اب ہوگا منشیات فری، حبیب آباد سے منشیات فروش پکڑے گئے، 7 کلو گرام چرس برآمد
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گوجرانوالہ کے جسٹس آف پیس نے درخواست گزار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا، تاہم جسٹس آف پیس نے حقائق کا درست جائزہ لیے بغیر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے جسٹس آف پیس کا خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور 25 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔










